منگلورو2جولائی (ایس اونیوز)چینئی کی تریپور چٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ نامی ایک فنڈ کمپنی کے خلاف منگلوروکے اکنامکس اینڈ نارکوٹکس کرائم پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ہے جس کے مطابق اس کمپنی نے ضلع جنوبی کینرا میں چٹ فنڈ کے نام پر عوام کو 9کروڑروپے کا دھوکہ دیا ہے۔
کہاجاتا ہے کہ بنٹس ہاسٹل روڈ پر واقع ایک دفتر میں یہ کمپنی اپنا کاروبار چلارہی تھی۔ عرفات نامی ایک شخص نے اس کمپنی کے ڈائریکٹر ، منیجر اور اسٹاف پر دھوکہ باز ہونے کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔خبر ہے کہ اس کمپنی کی ڈائریکٹر سمانا کا تعلق منگلورو سے ہے اور اس پر ملک بھر میں ہزاروں لوگوں کو ٹھگنے کا الزام ہے۔کمپنی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کے پاس سرمایہ کاری کرنے والوں کو ابتدا میں باقاعدہ او ربر وقت ادائیگی کی جاتی ہے تاکہ ان کا پورا اعتماد حاصل ہوجائے۔اس کے بعد دیگر گاہک اس طرف راغب ہوتے ہیں اور بہت بڑا سرمایہ جمع ہونے کے بعد منافع کی ادائیگی بند کردی جاتی ہے۔ اس طرح جنوبی کینر امیں200سے زیادہ گاہکوں سے 9کروڑ روپے تک کا سرمایہ جمع کرلینے کے بعد اس کمپنی نے اپنا بوریا بستر باندھ لیا ہے اور دفتر کو قفل لگا کر افسران اور عملہ لاپتہ ہوگیا ہے۔
شکایت کنندہ عرفات کا کہنا ہے کہ اس چٹ فنڈ کمپنی کی ملک بھر میں150کے قریب اور کرناٹکا میں34شاخیں ہیں۔ خود اس نے منگلورو شاخ میں 50لاکھ روپے کا سرمایہ لگایا تھا۔ جب نقصانات کے پس منظر میں اس کمپنی کے بند ہونے کی خبر ملی تو اس نے چینئی جاکر اس کے ہیڈ آفس میں ذمہ داران سے ملنے کی کوشش کی، لیکن ہیڈآفس پر تالا لگا تھا اور وہاں کمپنی کے ڈائریکٹر، منیجر اور دیگر سات افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔